کولکاتہ،20/دسمبر (آئی این ایس انڈیا)بنگال کے دورے کے دوسرے دن مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے ترنمول کے گڑھ بول پور میں روڈ شو کیا۔ ممتا سے پہلے 43 سال تک کمیونسٹ کا قبضہ رہا ہے۔ امت شاہ نے کہا کہ آپ نے کمیونسٹوں کو موقع دیا، ممتا کو موقع دیا، ایک بار ہمیں موقع دیں اور ہم 5 سال میں بنگال کو ”سونار بنگلہ بناکر رکھ دیں گے۔
امت شاہ نے کہا کہ ایسا روڈ شو کبھی نہیں دیکھا، بھیڑ سے واضح ہوتا ہے کہ بنگالی عوام اب تبدیلی چاہتے ہیں۔ امت شاہ کا بنگال کا دورہ آج ختم ہوا اور وہ شام کو دہلی کے لئے روانہ ہوگئے۔میت شاہ نے کہا کہ یہ تبدیلی بنگال کی ترقی کے لئے ہونے والی ہے۔ یہ تبدیلی بنگلہ دیش کی طرف سے ”گھس پیٹھ“ کو روکنے کے لئے ہے، یہ تبدیلی سیاسی تشدد کو ختم کرنے کے لئے ہیں۔
خیال رہے کہ امت شاہ اپنے دورے کے دوسرے دن شانتی نیکیتن پہنچے، یہاں انہوں نے رویندر ناتھ ٹیگور کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس کے بعد وہ وشو بھارتی یونیورسٹی میں پروگرام میں شامل ہوئے۔ امت شاہ بول پور میں ایک باؤل سنگر کے کھر کھانا کھایا۔اس دوران مکل رائے اور دلیپ گھوش ان کے ساتھ موجود تھے۔
خیال رہے کہ بی جے پی کی انتخابی مہم کے لئے بول پور بہت اہم ہے۔ یہ پارلیمانی حلقہ کسی زمانے میں کمیونسٹ پارٹی کا گڑھ تھا۔ 1971 سے 2014 تک کمیونسٹ پارٹی نے یہاں حکمرانی کی۔ 2014 میں ترنمول کانگریس نے اس گڑھ کو جیتا تھا، اس نشست پر دو بار اس نے قبضہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ آئندہ سال بنگال میں اسمبلی کے انتخابات ہونے ہیں، جس کے لئے بی جے پی نے پورے بنگال کو ’زعفران زدہ‘بنانے کے لئے کمر کس لی ہے۔